نامور ٹی وی اداکار عابد علی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

پاکستان کے معروف و مشہور ٹی وی اداکار عابد علی طویل علالت کے بعد 67 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

1952 کو کوئٹہ میں پیدا ہونے والےعابد علی گزشتہ دو ماہ سے ہسپتال میں جگر کے عارضے کے باعث زیر علاج تھے، چند روز قبل ان کی صاحبزادی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام لوگوں سے دعا کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ ڈاکٹرز نے عابد علی کی صحت یابی کو تقریباً ناممکن قرار دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی عابد علی کے انتقال کی افواہیں سامنے آئی تھیں لیکن اب ان کی اہلیہ اداکارہ رابعہ عابد نے تصدیق کی ہے کہ عابد علی اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

وکی پیڈیا پر دستیاب معلومات کے مطابق بچپن و لڑکپن سے ہی انہیں فن و ادب سے شغف تھا، مصوری کرتے تھے۔ جوانی میں کوئٹہ سے لاہور آئے اور پہلے ریڈیو پاکستان اور بعدازاں 1973 میں پی ٹی وی ڈرامے جھوک سیال سے اپنے کرئیر کا آغاز کیا۔

ان کی پہلی بیوی گلوکارہ حمیرا علی سے ان کی تین بیٹیاں ہیں جن میں سپر ماڈل و اداکارہ ایمان علی اور گلوکارہ رحمہ علی قابل ذکر ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار عابد علی 80 اور 90 کی دہائی سے کئی مقبول ڈراموں میں کام کرچکے ہیں جن میں ‘پیاس’، ‘دوریاں’، ‘دشت’، ‘مہندی’، ‘دیار دل’ اور دیگر شامل ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ 1993 کا ہٹ ڈرامہ دشت ان کا بطور پروڈیوسر و ڈائریکٹر پہلا ڈرامہ تھا اور اسی سال پی ٹی وی کے بیرون ملک بنائے گئے پہلے ڈرامے دوسرا آسماں میں بھی انہوں نے ہدایتکاری کے فرائض سرانجام دیے۔

Make Money with 1xBet
Show More
Back to top button