پشاور میں ڈسٹرکٹ پولیس کمپلینٹ سیل کا افتتاح کردیا گیا

 خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شوکت یوسف زئی نے ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں ڈسٹرکٹ پولیس کمپلینٹ آفس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ ہفتہ کے روز ہونے والی تقریب کے دوران سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان نے نئے قائم ہونے والے جدیدکمپلینٹ سیل کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی۔

قاضی جمیل الرحمن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ریفارمز کمیشن اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بننے والے کمپلینٹ آفس کا مقصد عوام کو پولیس کی وجہ سے درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرنا مقصود ہے ، کمپلینٹ آفس کے قیام سے پولیس اور عوام کے مابین دوریوں کو مزید ختم کرنے میں مدد ملے گی ، نئے قائم ہونے والے کمپلینٹ سیل آفس کو جدید مواصلاتی سہولیات فراہم کر دی گئیں ہیں جن کے ذریعے عوام کسی بھی وقت اپنے شکایات درج کرا سکیں گے ،چیف منسٹر سیکرٹریٹ اور آئی جی پی کے دفتر میں پہلے سے ہی شکایات سیل کام کر رہی ہے ، نئے قائم ہونے والے کمپلینٹ آفس کا مقصد عوام کے شکایات کا براہ راست اور بروقت تدارک کرنا ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے اس موقع پر پشاور پولیس کے نئے کمپلینٹ آفس کے قیام کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ دیگر اداروں کو بھی پشاور پولیس کی تقلید کرتے ہوئے خود کو عوامی احتساب کے لئے پیش کرنے اور عوام کے ساتھ براہ راست رابطہ استوار کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئے ، انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حالیہ درندگی کے واقعات میں ملوث ملزمان کو قلیل عرصہ میں گرفتار کرنا خیبر پختونخواہ پولیس کی اعلی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کے دوران کہا کہ وزیر اعلی سیکرٹریٹ اور آئی جی پی کے دفتر میں پہلے سے ہی شکایات سیل کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے قائم ہونے والے دفتر کا مقصد پشاور پولیس سے متعلق شکایات کو بروقت حل کرنا مقصود ہے انہوں نے مزید کہاکہ کمپلینٹ آفس کے ذریعے عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے مزید کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں سی سی پی او نے کہا کہ ایس ایس پی لیول کے آفیسر کو کمپلینٹ آفس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جو عوامی شکایات کی قلیل عرصہ میں حل کرنے کا ذمہ دار ہوگا، سی سی پی او نے مزید کہا کہ نئے شکایات سیل کو جدید مواصلاتی سہولیات فراہم کر دی گئیں ہیں جن کے ذریعے عوام پشاور پولیس سے متعلق شکایت کسی بھی وقت درج کرا سکتے ہیں۔

Show More
Back to top button