پشاور میں لیموں کی قیمت کو پر کیوں لگ گئے تھے؟

 

سی جے صدف آفریدی سے

پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے لیموں کا بڑا ذخیرہ قبضے میں لے کر فروخت کردیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے چمکنی کے علاقے میں قائم کولڈ سٹوریج پر چھاپہ مارا جہاں بڑی تعداد میں لیموں ذخیرہ کیے گئے تھے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ چمکنی کے علاقے میں ایک کولڈ سٹوریج میں بڑی مقدار میں لیموں ذخیرہ کیے گئے ہیں جنھیں مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔

اطلاع کے بعد خصوصی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی نگرانی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عبدالولی کے ہمراہ چمکنی میں ایک کولڈ سٹوریج گودام پر چھاپہ مارا اور گودام میں ذخیرہ کیا ہوا 9000 کلو لیموں برآمد کرلیا۔

ذرائع کے مطابق کولڈ سٹوریج کے مالک کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق قبضے میں لئے گئے لیموؤں کو افسران کی موجودگی میں سبزی منڈی میں نیلام کردیا گیا۔

واضح رہے رمضان کے شروع ہوتے ہی پشاور میں لیموؤں کی قیمتوں میں بہت اضافہ ہوا ہے۔

شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس کاروائی سے پشاور میں لیموؤں کی قیمتوں میں کافی کمی آئے گی۔

Make Money with 1xBet
Show More
Back to top button