کیلاشی قبلے کا قدیم ترین تہوار چلم جوشٹ اختتام پذیر

ہندوکش کی قدیم ترین تہذیب و ثقافت اور مذہب کے حامل کیلاش قبیلے کا سالانہ مذہبی تہوار چلم جوشٹ (جوشی) تہوار  اختتام پذیر ہوگیا۔

تہوار  کے اختتامی روز کیلاش کی وادی رمبور، بمبوریت اور بریر سے آئے مردوخواتین نے روایتی رقص کرکے خوشیاں منائیں اور نوجوان جوڑوں میں شادی بیاہ کی رسومات ادا کی گئیں۔

حسب سابق امسال بھی جوشی میں شرکت کیلئے ملک کے مختلف علاقوں کے علاوہ بیرون ممالک سے بھی سیاح آئے تھے اور کیلاشی ملبوسات میں تصویریں بناتے اور تہوار سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

14مئی سے شروع ہونے والا یہ تہوار ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون سے بہتر انداز میں منایا گیا۔

سیاحوں کیلئے وادی بمبوریت میں ٹینٹ ویلیج لگایا گیا جس کا مقصد سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا تھا۔

کیلاش میں جوشی تہوار بہار کی آمد پر منایا جاتا ہے جس میں موسم بہار کو خوش آمدید کہا جاتا ہے، مردوزن جس میں رقص کناں اور خوشی کے نعرے بلند کرتے ہیں۔

اختتامی تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی وزیر زادہ اور رادی کمار نے شرکت کی۔

کیلاش سے تعلق رکھنے والے ممبر صوبائی اسمبلی وزیر زادہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیلاش وادی کی ترقی، بیوٹیفیکیشن اور سٹرکوں کی تعمیر کیلئے بجٹ کی منظوری دی گئی ہے اور جلد ہی ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا جائے گا اور یہ کہ کیلاش میں بیوٹیفیکیشن سمیت قبرستان کیلئے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ یہاں ہمارا مذہبی تہوار ہے جو بہار کی آمد پرمناتے ہیں۔

چلم جوشٹ کے پہلے روز چیرک پی پی کی رسم منائی گئی جس میں بزرگ خواتین اور بچے بکریوں کا دودھ اور دہی تقسیم کرتے ہیں جبکہ یہ سب گانے گاتے ہوئے اپنے بھیڑ بکریوں کے ہمراہ کھیتوں کی جانب جاتے ہیں اور کھیتی باڑی کرتے ہیں۔

جوشی تہوار کا آخری روز بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے جب کیلاش قوم ایک میدان میں جمع ہوتی ہے تو تمام خواتین ناچنا گانا شروع کردیتی ہیں اور پھر اس وقت کچھ مذہبی پیشوا ایک مقام پر اکٹھے ہو کر ہاتھوں میں پودوں کی سبز شاخیں اٹھائے میدان کی طرف آتے ہیں اور یہ خواتین انہیں سلامی پیش کرتی ہیں۔

اس کے بعد تہوار کے آخری لمحات اور رسومات منائے جاتے ہیں جس میں شادی بیاہ کی رسومات ادا کی جاتی ہیں۔

ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے صوبہ میں سیاحتی مقامات کی پہچان اور ان مقامات میں صفائی کی اہمیت برقرار رکھنے کیلئے صفائی مہم کا آغاز کیا ہے، مہم کے دوران سیاحوں میں شعور اجاگر کیا جائے گا تاکہ وہ نہ صرف ان کی صفائی و ستھرائی کا خیال رکھیں بلکہ دوسروں کیلئے بھی مثال قائم کریں۔

Make Money with 1xBet
Show More
Back to top button