سابق صدر زرداری کی گرفتاری کیخلاف لکی، دیر بالا اور چارسدہ میں جیالوں کے مظاہرے

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کے خلاف لکی مروت، دیر بالا اور چارسدہ میں جیالے سڑکوں پر آگئے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق لکی مروت میں آصف علی زرداری کی گرفتاری اور مہنگائی کے خلاف پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ٹاؤن کمپلیکس میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔

ریلی کی قیادت ضلعی صدر اور ضلع ناظم اقبال حسین ایڈوکیٹ کررہے تھے جس میں ضلعی قاٸدین سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے "پی پی پی کو انصاف دو، زرداری کو رہا کرو اور سلیکٹڈ وزیراعظم نامنظور” جیسے شدید نعرے لگائے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر اقبال حسین و دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ  حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لٸے اوچھے ہتکھنڈوں پہ اتر آٸی ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان کی ملک کے لٸے لازاوال قربانیاں ہیں، پیپلزر پارٹی کی قیادت اور ورکرز جیلوں سے نہیں ڈرتے، قیادت کے حکم پر جیل جانے اور کوڑوں کے لٸے تیار ہیں ۔

انہوں نے دھمکی دی کہ اگر آصف زرداری کو جلد از جلد رہا نہ کیا گیا۔تو راست اقدام اٹھائیں گے۔

علاوہ ازیں دیربالا میں بھی سابق صدر پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کی گرفتاری کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی دیربالا کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

دیر چوک میں ہوئے احتجاجی مظاہرے میں سابق وفاقی وزیر نجم الدین خان اور ضلعی صدر عارف اللہ خان کے علاوہ دیگر جیالے بھی شریک ہوئے۔

مظاہرین نے دیر چوک بلاک کرکے تحریک انصاف حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نجم الدین خان کا کہنا تھا کہ انصاف حکومت نے عوام دشمن بجٹ اور اپنی ناکامی چھپانے کے لیے پیپلزپارٹی کے قائدین پر ہاتھ ڈالا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نصاف حکومت عوام کو انصاف دینے کے بجائے اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آئی ہے،  بلاول بھٹو زرداری کی کال پر ملک گیر احتجاجی مظاہرے کیے جائنگے۔

ادھر چارسدہ پریس کلب کے سامنے بھی پیپلز پارٹی کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے وزیراعظم اور نیب کے خلاف جبکہ زرداری کی رہائی کیلئے نعرے بازی بھی کی۔

اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ زرداری اور حمزہ شہباز کی گرفتاری بلاول کو کمزور بنانے کی کوشش ہے, نااہل وزیراعظم  نے ملک کو برباد کیا اور مزید برباد کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ملک کو عالمی سودخوروں کیساتھ گروی رکھ دیا, آصف علی زردای بے گناہ ہے، زرداری کی گرفتاری اپنی حکومت بچانے کی کوشش ہے، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف آواز اٹھانے پر زرداری کو گرفتار کیا گیا ہے۔

وزیراعظم خود کو فرشتہ صفت انسان ثابت کرنے کیلئے مخالف سیاسی رہنماوں کیساتھ زیادتی کر رہا ہے، کرپشن کا خاتمہ کرنے والے خود کرپٹ ہیں، وزیراعظم کو چاہیے کہ پہلے اپنے حکومتی نمائندوں کا احتساب کریں، نیب چیئرمین اخلاق سے گرا ہوا شخص ہے۔

انہوں نے زرداری کی رہائی کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ زرداری کی رہائی تک احتجاجی مظاہرے جاری رہینگے۔

Make Money with 1xBet
Show More
Back to top button