بونیر، سلارزئی کے عوام کا ماربل سٹی کیخلاف گرینڈ جرگہ

بونیر کے علاقے سلارزئی کے سیاسی و سماجی رہنماؤں کے علاوہ کاشتکاروں نے بھی علاقے میں مجوزہ ماربل سٹی منصوبے کیخلاف گرینڈ جرگہ کیا ہے۔

گرینڈ جرگہ کے بعد ملک فضل معبود خان، عالم خان، اسحاق خان، عزیز بونیری، امیر نواب خان اور ناظم ڈگر ٹاؤن مولانا سعید الرحمٰن مفکر ایسے مقامی مشران کا میڈیا سے بات چیت کے دوران کہنا تھا کہ حکومت نے ماربل سٹی کیلئے جس جگہ کا انتخاب کیا ہے وہ سلارزئیوں کی زرعی و رہائشی زمینیں ہیں جہاں سرکار کو ماربل سٹی کے قیام کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سلارزئی بونیر کا وہ علاقہ ہے جہاں زرعی زمینیں کم ہیں اور ماربل سٹی کے قیام کے علاقے کی زراعت پر نہایت برے اثرات مرتب ہوں گے۔

مشران نے کہا کہ منصوبے سے صرف زرعی زمینیں ہی متاثر نہیں ہوں گی بلکہ سینکڑوں خاندان دربدر ہوجائیں گے جو پہلے سے ہی روزمرہ کی بنیادوں پر ماربل کانوں میں ہونے والے بارودی دھماکوں کے باعث ذہنی امراض کا شکار ہیں۔

جرگہ مشران نے مزید کہا کہ سلارزئی ماربل سٹی کے قیام کیلئے موزوں جگہ نہیں کیونکہ یہاں پانی کی قلت ہے جبکہ یہاں کے مقابلے میں بونیر کے مرکزی علاقوں میں کافی اراضی پائی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عوام دشمن منصوبہ ان کیلئے کسی طور قابل قبول نہیں ہے، حکومت نے اگر یہ منصوبہ یہاں سے منتقل نہ کیا تو سلارزئی کے عوام سڑکوں پر نکلیں گے اور ایک نہ ختم ہونے والا دھرنا دیں گے۔

Show More
Back to top button