تورغرمیں لینڈ سلائیڈنگ، عید کے لیے آبائی علاقوں کو جانے والے لوگ راستے میں محصور

سی جے رب نواز

تورغر میں طوفانی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی روڈ بند ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے عید کے لیے آبائی علاقوں کو جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نمائندہ ٹی این این کے مطابق تورغر پولیس اور مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت روڈ کھولنے میں مصروف ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ کی مشینری کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ روز کی طوفانی بارش نے تورغر میں تباہی مچادی ہے، کئی مکانات کو نقصان پہنچا اور کئی دیواریں بھی گرگئی۔ ذرائع کے مطابق دیواریں گرنے کے ساتھ ساتھ تورغر کے کئی روڈ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بھی بند ہوئے منگری کمیسرروڈ، دربند تھاکوٹ روڈ ڈوبامداخیل روڈ، بسی خیل میں کئی سڑکوں کی بندش کی اطلاع ہے جو مین شاہراہیں ہیں۔

نمائندہ کے مطابق عید کے موقع پر علاقے کے مکینوں کو اپنے خاندان کےلئے عید کا سامان لانے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ تورغر کے اندرکوئی بڑا بازار نہیں ہے کہ عوام اپنی ضروریات کی چیزیں خرید سکے۔

شانگلہ اور تورغر کے درمیان آمدورفت کا واحد زریعہ کابلگرام پل ہے جوکہ مون سون بارشوں کی وجہ سے زیادہ خطرناک ہوگیا ہے اور ضلعی انتظامیہ خاموش ہے۔  مقامی لوگوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ سڑکوں کوکھولنے کے لیے اقدامات کریں۔

ایک مقامی شخص قاضی احمد نے ٹی این این کو بتایا کہ تھاکوٹ اور دربند میں سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہیں جس کی وجہ سے طالبعلم جوکہ دوسرے اضلاع میں پڑھتے ہیں اور عید کے لیے گاؤں آنا چاہتے ہیں وہ بھی محصور ہوکررہ گئے ہیں۔ اس نے مزید کہا کہ سڑکیں بند ہیں جسکی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ خاموش ہے۔

ایک دوسرے شخص محمد طاہر نے ٹی این این کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ لاہور اور کراچی سے لوگ اپنے آبائی علاقے آنا چاہتے ہیں جو تورغرپہنچ بھی گئے ہیں تاہم سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے ہوٹلوں میں رہنے پرمجبورہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو ہوٹلوں میں بھی رہنے کی جگہ نہیں ہے کیونکہ وہاں لوگوں ی تعداد بہت زیادہ ہوگئی ہے۔

دوسری جانب تورغرڈاڈم مداخیل کے قریب پولیس محرر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق تھانہ کاروڑ کا محرر فاضل خان موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ راستے میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگیا اور موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

اس حوالے سے ٹی این این کے نمائندے نے ضلعی انتظامیہ سے رابطے کی کوشش کی تاہم ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ اطلاعات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک سڑکیں صاف کرنے کے لیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔

Show More
Back to top button