شاداب خان فٹ، محمد عامرچکن پاکس کا شکارہوگئے

 

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان کے لیگ اسپنر شاداب خان فٹ ہوگئے ہیں اور میگا ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اس بات کا باضابطہ اعلان آج متوقع ہے جبکہ آج ہی شاداب کا لندن میں ڈاکٹر معائنہ کریں گے جس کے بعد وہ ٹیم جوائن کر لیں گے۔

شاداب خان کے فٹ ہونے کے بعد لیگ اسپنر یاسر شاہ کو وطن واپس بلا لیا جائے گا۔ ہیپاٹائیٹس سی وائرس میں مبتلا شاداب خان کی نئی رپورٹس حوصلہ افزا ہیں اور اس کی بنیاد پر انہیں ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم میں شامل کیا جائے گا جس کا اعلان اگلے 24 گھنٹے میں کیا جائے گا۔

پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ شاداب خان کا نیا بلڈ ٹیسٹ لاہور کی لیبارٹری بھجوایا گیا ہے جس کی رپورٹ اگلے دو دن میں آئے گی۔

پی سی بی کے حددرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو پنڈی میں شاداب خان کے خون کے نمونے لے کر مزید ٹیسٹ کیلئے شوکت خانم لیبارٹری لاہور بھجوائے گئے تھے۔ پی سی بی میڈیکل پینل کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان کی نئی رپورٹس حوصلہ افزاء ہیں اور اس میں اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں شریک نہ ہوں۔

شاداب خان ان دنوں قومی اکیڈمی لاہور میں ہیں اور ٹریننگ کررہے ہیں امید ہے کہ بدھ کو اعلان کے بعد وہ جلد قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

ایک دن پہلے انضمام الحق نے بھی کہا تھا کہ شاداب خان کی اب تک کی رپورٹس بہت مثبت ہیں، آئندہ 2 سے 4 روز میں شاداب کے مزید ٹیسٹ ہوں گے، امید ہے ورلڈ کپ سے پہلے شاداب خان فٹ ہو جائیں گے۔

شاداب خان کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا انہوں نے کہ دانت میں تکلیف کے بعد ایک عام دندان ساز سے علاج کرایا اور ڈینٹسٹ کے آلات سے شاداب خان کے خون میں ہیپاٹائیٹس سی کے وائرس منتقل ہوئے۔

دوسری جانب محمد عامر کو چکن پاکس کا شکار ہوگئے ہیں جس کے باعث ورلڈ کپ میں انکی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

ساؤتھمپٹن میں جب پاکستانی کرکٹرز کو یہ پتہ چلا کہ محمد عامر چکن پاکس میں مبتلا ہیں تووہ خوف زدہ ہوگئے اور یہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ چکن پاکس کا مرض کسی اور کھلاڑی کو لگ سکتا ہے اس لیے محمد عامر کو فوری طور پر لندن میں ان کے سسرال والوں کے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔

پی سی بی ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ محمد عامر چار سے پانچ دن میں چکن پاکس سے صحت یاب ہوکر پاکستان ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق محمد عامر کو اس وقت انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز سے بھی باہر نہیں کیا گیا ہے۔محمد عامر نے اوول کا میچ کھیلا تھا جو بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ ساوتھمپٹن میچ والے دن پتہ چلا کہ انہیں چکن پاکس ہوگیا ہے۔

Show More
Back to top button