پاکستان وومن ٹیم نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقا کو شکست دے دی

 

پاکستان وومن ٹیم نے جنوبی افریقہ وومن ٹیم کو پہلے ٹی20 میچ میں باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر 5میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

پریٹوریا میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقی ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 119 رنز بنائے۔

ثنا میر نے اپنے پہلے ہی اوور میں دونوں اوپنرز کو آﺅٹ کر کے حریف ٹیم پر دباﺅ بڑھا دیا جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی۔

لیزل لی اور تازمین برٹز بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئیں جبکہ کلوئے ٹراﺅن 43 رنز بنا کر نمایاں رہیں، کپتان سیونی لوس 10 رنز بنا سکیں۔

ثنا میر نے 3، ندا ڈار نے 2، عالیہ ریاض اور نشرہ سندھو نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں پاکستان وومن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 18 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔

عمیمہ سہیل 10 اور جویریہ راﺅف بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئیں اور 29 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد پاکستانی ٹیم دباو میں آ گئی لیکن پھر بسمہ اور ندا ڈار ڈٹ گئیں۔

دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔

ندا ڈار 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئیں لیکن تب تک پاکستان کی فتح یقینی ہو چکی تھی اور 53 رنز بنانے والی بسمعہ معروف نے ارم جاوید کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی۔

ندا ڈار کو آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Make Money with 1xBet
Show More
Back to top button