لندن میں سیاسی پناہ بارے خبریں بےبنیاد ہیں۔ میاں شہباز شریف

قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے لندن میں سیاسی پناہ بارے خبروں کو بےبنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خبر چلانے والوں کو اب ثبوت لانے چاہئیں تاکہ سچ جھوٹ معلوم ہو سکے۔

نجی ٹیلی ویژن کے ساتھ گفتگو کے دوران میاں شہباز شریف نے کہا کہ غلط خبریں پھیلاکر قوم کا وقت ضائع نہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ غلط بیانی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے، عمران خان سر تا پیر جھوٹ بولتے ہیں لیکن قوم ایک دن ان سے دروغ گوئی کا حساب مانگے گی۔

ن لیگ کے صدر کے مطابق وہ لندن بغرض علاج اور اپنی پوتی سے ملنے گئے ہیں اور جلد ہی وطن لوٹ کر آئیں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کیس میں ضمانت پر رہائی پانے والے شہباز شریف بارے افواہیں گرم تھیں کہ وہ لندن میں سیاسی پناہ  لینا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ دس اپریل کو لندن روانگی کے موقع پر میاں شہباز نے کہا تھا کہ مختصر دورے کے بعد وہ جلد وطن واپس آئیں گے۔

Make Money with 1xBet
Show More
Back to top button