ورلڈ کپ: آج پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اہم میچ کھیلا جائے گا

 

کرکٹ ورلڈ کپ میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کا یہ 17 واں میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہوگا۔

اگر دونوں ٹیموں کی بات کی جائے تو میگا ایونٹ میں یہ اب تک 9 بار آمنے سامنے آئیں ہیں اور آسٹریلوی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے ،گرین شرٹس نے 4 میں فتح حاصل کی جبکہ کینگروز نے 5 میں کامیابی سمیٹی۔

دوسری جانب آج کے میچ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ٹیم پاکستان کے ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط ٹیم انگلینڈ کو زیر کرنے کے بعد حوصلے بلند ہیں، بیٹسمین فارم میں ہیں بولرز بھی ردھم حاصل کرچکے ہیں ،جیت کا مومینٹم برقرار رکھنا ہے تو آج کے میچ میں آسٹریلیا کو زیر کرنا ہوگا۔

کینگروز بھی بھارت سے شکست کے بعد میچ میں پوری تیاری سے اتریں گے۔ اگر دونوں ٹیموں کو فائنل فور میں جگہ بنانی ہے تو آج کا میچ ضرور جیتنا ہوگا۔

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق آسٹریلوی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر جبکہ پاکستان 3 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

دوسری طرف قومی ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ ہونا دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں اس میچ میں دو پوائنٹ حاصل کرنا چاہتی ہیں، پاکستان ٹیم میچ کے حوالے سے کسی صورت ریلیکس نہ ہو، اس کنڈیشن میں آج کل ہر ٹیم پہلے بولنگ کرنا چاہے گی۔

وسیم اکرم کے مطابق آسٹریلین ٹیم ہار کر آ رہی ہے لیکن جب وہ زخمی ہوتے ہیں تو خطرناک بھی ہوتے ہیں، بھارت نے مکمل کنٹرول کے ساتھ آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔

انہوں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میچ میں ٹاپ تھری کا کافی اہم کردار ہو گا، فخر زمان کو تھوڑا سنبھل کر کھیلنا ہو گا کیوں کہ ہر بولر کو آگے آکر نہیں کھیلا جا سکتا، امام الحق اور بابر اعظم اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔

Show More
Back to top button