بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار

بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا۔

کرکٹ ورلڈکپ کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج ایونٹ کا سولہواں میچ برسٹل میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانا تھا تاہم میچ ایک بار پھر بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ بارش کے باعث اب تک ایونٹ کے 2 میچز متاثر ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے شائقین کو کافی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

برسٹل کا کاؤنٹی گراؤنڈ گیلا ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش اور سری لنکا کے میچ کا ٹاس اب تک نہیں ہوسکا ہے۔

میچ کے لیے 30 منٹ بعد امپائرز کو میدان کا معائنہ کرنا تھا تاہم بارش کی وجہ سے معائنہ نہیں کیا جاسکا اب امپائرز 45 منٹ بعد ایک بار پھر گراؤنڈ کا معائنہ کریں گے۔ 

دوسری جانب آج کے میچ کو دونوں ٹیموں کیلئے اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ دونوں ٹیمیں اب تک تین تین میچز کھیل چکی ہیں جن میں سے دونوں کو صرف ایک ایک میچ میں کامیابی ملی ہے۔

کرکٹ پنڈتوں کے مطابق دونوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے اپنے باقی ماندہ چھ، چھ میچز میں سے پانچ میں کامیابی حاصل  کرنا ہوگی۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کیخلاف میچ جیت کر ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز کیا تھا تاہم اگلے دو میچز میں اسے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانا پڑی تھی۔

دوسری جانب سری لنکا بھی اپنے تجربہ کار بیٹسمین کوشل مینڈس سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے میچ کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا جو دونوں ٹیموں کیلئے نقصان دہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اسی طرح گزشتہ روز ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے مابین میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

ساؤتھمپٹن میں ویسٹ انڈییز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم آٹھویں اوور میں بارش شروع ہونے کے باعث میچ ملتوی کردیا گیا۔

بنابریں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا جس کے ساتھ جنوبی افریقہ کی ٹیم یکے بعد دیگرے تین میچز کھیل کر صرف ایک ہی پوائنٹ حاصل کر پائی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے مابین میچ بھی بارش  کی نذر ہو گیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان کل اپنا ایک اور اہم میچ آسٹریلیا کیخلاف کھیلنے جارہا ہے تاہم ماہرین کے مطابق یہ میچ بھی بارش کے باعث التواء کا شکار ہو سکتا ہے۔

Make Money with 1xBet
Show More
Back to top button