ورلڈ کپ 2019، بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دیدی

انگلینڈ اور ویلز میں جاری کرکٹ ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دیدی۔

ہیمشائر باؤل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر افغان ٹیم کے کپتان گلبدین نائب نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا تاہم صرف 23 رنز کی شراکت کے بعد ہی لٹن داس 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد تمیم اقبال 36 رنز جبکہ ون ڈاؤن آنے والے شکیب الحسن نصف سنچری مکمل کرکے 51 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے۔

دوسری جانب سومیا سرکار صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ محمد اللہ کی اننگز بھی 27 رنز تک محدود رہی۔

وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم 83 رنز کی اننگز جبکہ مصدق حسین 35 رنزبناکر پویلین واپس لوٹے، یوں مقررہ 50  اوورز بنگلہ دیش نے 262 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3، گل بدین نائب نے 2 اور محمد نبی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں افغانستان کی جانب سے گل بدین نائب اور رحمت شاہ نے ٹیم کو 49 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔

رحمت شاہ 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تاہم گل بدین نے 47 رنز کی اننگز کھیلی، ہشمت اللہ شہیدی 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ محمد نبی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔

اس کے بعد افغان اصغر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نجیب اللہ زردان 23 رنز اور راشد خان صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 29 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

خیال رہے کہ شکیب الحسن ورلڈ کپ میچ میں ففٹی اور پانچ شکار کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں، قبل ازیں بھارتی آل راؤنڈر یوراج سنگھ ننے ورلڈ کپ 2011 مں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

اسی طرح شکیب الحسن ورلڈ کپ میں سب سے کم رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، 30 رنز کے عوض پانچ وکٹوں کے ساتھ محمد عامر دوسرے نمبر پپر ہیں۔

دوسری جانب پوائنٹس ٹیبل پر 7 پوائنٹس کے ساتھ بنگلہ دیشی ٹیم پانچویں پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ پاکستان 5 پوائنٹس کے ساتھ 7ویں نمبر پر ہے۔

اس کے علاوہ 11 پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ سرفہرست، 10 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا دوسرے، 9 کے ساتھ انڈیا تیسرے اور انگلینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ 6 پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا چھٹی پوزیشن پر ہے۔

Show More
Back to top button