نئے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، شعیب ملک اور محمد حفیظ فارغ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا تاہم شعیب ملک اور محمد حفیظ فارغ کردیے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 20-2019 کرکٹ سیزن کے لیے اعلان کردہ سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق نیا سنٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2019 سے 30 جون 2020 تک نافذ العمل ہوگا۔

گزشتہ سال سنٹرل کنٹریکٹ 33 کھلاڑیوں کو دیے گئے تھے جب کہ رواں برس پی سی بی نے19 کھلاڑیوں کو نیا سنٹرل کنٹریکٹ جاری کیا ہے جن میں کپتان سرفراز احمد، بابراعظم اور یاسر شاہ کو کٹیگری اے میں شمار کیا گیا ہے۔

اسی طرح بی کٹیگری میں اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، امام الحق، محمد عباس، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض شامل ہیں جب کہ سی کٹیگری میں عابد علی، حسن علی، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عامر، محمد رضوان، شان مسعود اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

محمد حفیظ اور شعیب ملک کو سینٹرل کنٹریکٹ جاری نہیں کیا گیا تاہم دونوں کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

گزشتہ 12 ماہ میں کھلاڑیوں کی فٹنس، کارکردگی اور آئندہ سیزن میں قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا سنٹرل کنٹریکٹ جاری کیا گیا ہے۔

نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان نے کہا ہے کہ پی سی بی نے آئندہ سیزن کے لیے بلند اہداف رکھے ہیں اور ہم پراعتماد ہیں کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی اپنی کارکردگی سے ہمیں اپنے اہداف حاصل کرنے میں مدد دیں گے۔

Show More
Back to top button