رنز کی مشین بند، ہاشم آملہ کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کو ہمیشہ کے لیے خیر باد کہہ دیا۔

ملکی و غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آملہ نے تینوں طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے تاہم فی الحال وہ ڈومیسٹک اور Mzansi Super League کھیلتے رہیں گے۔

28 نومبر 2004 کو بھارت کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ہاشم آملہ کا انٹرنیشنل کریئر 15 سالوں پر محیط تھا جبکہ اس دوران انہوں نے تینوں طرز کی کرکٹ کے مجموعی طور پر 349 میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی۔

آملہ نے 124 ٹیسٹ میچز میں 46.64 کی اوسط سے 9282 رنز بنائے جن میں 28 سنچریاں اور 41 نصف سنچریاں شامل ہیں، ون ڈے کریئر کا آغاز 2008 میں بنگلہ دیش کیخلاف کیا، 181 ون ڈے میچز میں انہوں نے 27 سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8113 رنز بنائے۔

یعنی رنز کی مشین کہلانے والے آملہ نے اپنے کریئر میں مجموعی طور پر 18 ہزار سے زائد زنز بنائے جس میں 55 سنچریاں اور 88 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ہاشم آملہ ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سنچری سکور کرنے والے جنوبی افریقہ کے واحد بیٹسمین ہیں جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے پروٹیز کھلاڑی کا اعزاز بھی آملہ کو ہی حاصل ہے۔

یاد رہے کہ 2010 میں انڈیا کیخلاف دو ٹیسٹ میچ کی سیریز میں انہوں نے 490 رنز بنائے تھے اور صرف ایک بار ہی ڈِس مِس ہوئے تھے جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں انہوں نے سنچریاں سکور کی تھیں۔

اس کے بعد 2012 میں انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں آملہ نے ڈبل سنچری سکور کی اور ناقابل شکست رہے جبکہ انگلیننڈ کیخلاف ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں سیریز کے مین آف دی سیریز قرار پائے۔

 

 

 

Show More
Back to top button