جمرود ہسپتال میں چیسٹ او پی ڈی اور ٹی بی کنٹرول روم کا افتتاح

قبائلی ضلع خیبر کے جمرود ہسپتال میں ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی سروس، لیبرروم میں جدید سہولیات، چیسٹ او پی ڈی اور ٹی بی کنٹرول روم کا افتتاح کر لیا گیا۔

جمرود ہسپتال کی مختلف یونٹوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ضم شدہ قبائلی اضلاع کے ہیلتھ سنٹرز اور ہسپتالوں میں جدید سہولیات کی دستیابی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں مریضوں کا بروقت علاج ہوگا۔

ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی توجہ پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں بہتری لانے اور ہسپتالوں میں عملہ کی کمی کو پورا کرنے پر ہے، ضم شدہ قبائلی اضلاع کے ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرکے بندوبستی علاقوں کے ہسپتالوں کے برابر لائیں گے، ہسپتالوں میں جدید سہولیات و مشنری دیکر ماڈل ہیلتھ ہاسپٹل بنائیں گے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم وزیر نے باڑہ میں سبزی منڈی کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نیک محمد ، تحصیلدار باڑہ ذوالفقار احمد، تاجر حاجی گل مین شاہ، انجمن تاجران باڑہ کے چیئرمین سید آیاز وزیر اور دیگر مشران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم نے کہا کہ ملک کے ہر ضلعے میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سستا بازار لگائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آج جس سبزی منڈی کا افتتاح کیا گیا اس میں باڑہ کے عوام اور ڈیلروں کو سبزیاں اور اناج نہایت کم قیمت پر میسر ہوں گے جبکہ مقامی زمینداروں کو یہاں پر اپنی کاشت کردہ سبزی وغیرہ کی خرید و فروخت کے ساتھ ساتھ مقامی عوام کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔

Show More
Back to top button