قبائلی اضلاع انتخابات: الیکشن کمیشن نے مکمل نتائج کا اعلان کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبر پختونخوا (کے پی) میں ضم ہونے والے اضلاع (سابق فاٹا) کے ضمنی انتخابات کے مکمل نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق 16 حلقوں میں آزاد امیدوار 6 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

ای سی پی کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے 6، حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5، جمعیت علما اسلام (ف) نے 3، عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) اور جماعت اسلامی نے ایک،ایک حلقے میں کامیابی حاصل کی۔ ای سی پی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سابقہ فاٹا کے 7 قبائلی اضلاع اور 6 قصبوں کی کل 16 نشستوں پر انتخابات ہوئے۔

قبل ازیں غیر حتمی نتائج میں کہا گیا تھا کہ پی کے-100 باجوڑ ون سے پی ٹی آئی کے انوار زیب خاب، پی کے -101 باجوڑ ٹو سے پی ٹی آئی کے جمال خان، پی کے-102 باجوڑ تھری سے جماعت اسلامی کے سراج الدین، پی کے محہمند ون سے اے این پی کے نثار احمد، پی کے-104 مہمند ٹو سے آزاد امیداور عباس الرحمٰن اور کے پی-105 خیبر ون سے آزاد امیدوار شفیق آفریدی کامیاب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:

اسی طرح پی کے-106 خیبر ٹو سے آزاد امیدوار بلاول آفریدی، کے پی 107 خیبر تھری سے آزاد امیدوار محمد شفیق، پی کے 108 کرم ون سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے محمد ریاض، پی کے-109 سے پی ٹی آئی کے سید اقبال میاں، پی کے-110 اورکزئی سے آزاد امیدوار سید غازی غزن جمال، پی کے-111 شمالی وزیرستان ون سے پی ٹی آئی کے محمد اقبال خان اور پی کے-115 سابقہ فرنٹیئر ریجن سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے محمد شیعب کامیاب ہوئے۔

خیال رہے کہ 20 جولائی کو خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے اضلاع میں صوبائی نشستوں کے لیے انتخابات منعقد ہوئے۔خیبر پختوخوا اسمبلی کی 16 عام نشستوں پر بڑی سیاسی جماعتوں، سابق اراکین اسمبلی اور آزاد امیدواروں کے مابین دلچسپ مقابلے کی توقع کی جارہی تھی۔ان انتخابات میں 28 لاکھ ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا تھا جس میں مردوں کی تعداد 16 لاکھ 70 ہزار جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 30 ہزار ہے۔

مزید پڑھیں: 

پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ووٹ دینے کے لیے ووٹرز کا ٹرن آؤٹ بھی زیادہ دیکھا گیا۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا تھا کہ دور افتادہ علاقہ ہونے اور ٹیکنالوجی کی سہولت میسر نہ ہونے کی وجہ سے نتائج میں تاخیر ہورہی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پرامن انتخابات کا انعقاد کروا کر پوری دنیا میں ثابت کر دیا کہ قبائلی عوام جمہوری سوچ کی پرامن قوم ہے، جبکہ انتخابات کے پرامن انعقاد پر انتخابی عملے، سیکورٹی عملے اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جہاں آرمی، لیویز، خاصہ دار فورسز پولیس کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن پر تعینات تھیں۔

Make Money with 1xBet
Show More
Back to top button