مہمند: دریائے سندھ میں چیئر لفٹ گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں رسی ٹوٹنے کے باعث چیئر لفٹ دریائے سندھ میں جاگری جس کے نتیجہ میں ماں بیٹی ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔

اتوار کے روز قبائلی ضلع مہمند کے بیشتر علاقوں میں عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے، مسماۃ (ک) اپنے والدین سے عید ملنے کےلئے اپنی 3 سالہ بیٹی کے ہمراہ تحصیل پڑانگ جارہی تھی کہ راستہ میں جاؤ قول کے مقام پر دریائے سندھ کو پار کرنے کےلئے اُس پر بنے چیئر لفٹ میں بیٹھ گئی لیکن جیسے ہی لفٹ دریا کے وسط پر پہنچی تو اُس کی رسی ٹوٹ گئی جس کے باعث وہ دریا میں جاگری۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع مہمند میں ریسکیو 1122 کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ نے ضلع چارسدہ سے ریسکیو ٹیموں کو طلب کرلیا جنہوں نے دریا میں ڈوب جانے والی ماں بیٹی کی تلاش شروع کردی اور کافی جدوجہد کے بعد 3 سالہ بچی کی لاش نکال لی جبکہ اُس کی والدہ کی تلاش جاری ہے۔

مقامی افراد نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کی نگرانی مقامی ایم پی اے، انتظامیہ اور ریسکیو عہدیدار کررہے ہیں جو تاحال جاری ہے۔

Show More
Back to top button